پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ڈیڑھ سال کے عرصے میں پنجاب حکومت نے نمایاں کام کیے، عوامی فلاح و بہبود کے کئی اقدامات کیے گئے، ستھرا پنجاب دنیا کا سب سے بڑا پروگرام ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے صفائی کا کسی قسم کا نظام موجود نہیں تھا، پنجاب کی 13 کروڑ کی آبادی اس منصوبے سے مستفید ہو رہی ہے، ستھرا پنجاب کے ذریعے آپ کے گھر، گلیاں، شہر، دیہات صاف کروا رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے اپنی ذمہ داری پوری کی ہے، اب عوام نے اپنا فرض پورا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر حکومت انفورسمنٹ کر سکتی ہے، قانون بنا سکتی ہے، قانون میں تبدیلی کرسکتی ہے، آپ نے اگر ہیلمٹ پہنا ہے تو اس سے مریم نواز کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ موٹر سائیکل پر دو شیشے لازمی قرار دے دیے گئے ہیں، قانون عمل میں آئے گا، قانون کی انفورسمنٹ ہوگی، جب بچہ گھر سے بائیک یا گاڑی لے کر نکلے تو اسے قانون پر عملداری کا بتانا والد کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر موٹر بائیک کالا دھواں چھوڑ رہا ہے تو ہزاروں لوگ متاثر ہوتے ہیں، اب قانون نافذ ہوچکا ہے، اس پر عملدرآمد کریں گے۔