• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملزم میں ہر چیز کا ہوتا ہوں، مجرم نہیں ہوتا، میئر کراچی

--فائل فوٹو
--فائل فوٹو

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ہمارے پاس مین ہولز کے ڈھکنوں کی کمی نہیں، مین ہول پر ڈھکن لگائے بھی جاتے ہیں لیکن چوری ہوجاتے ہیں۔ وزیر داخلہ سے گٹر کے ڈھکنوں کی چوری کی روک تھام سے متعلق بات ہوئی ہے۔

سندھ ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اسٹور کے باہر مین ہول پر ڈھکن نہ ہونا اسٹور کے لیے بھی سوالیہ نشان ہے، اسٹور انتظامیہ نے نہ خود ڈھکن لگایا اور نہ ہی کسی ادارے کو شکایت کی۔ سرکار کے ساتھ شہریوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

مقدمہ اندراج کی درخواست سے متعلق سوال پر میئر کراچی نے کہا کہ ملزم تو میں ہر چیز کا ہوتا ہوں، مجرم نہیں ہوتا، ہم نیک نیتی کے ساتھ کام کرتے ہیں، الزامات لگانے سے مسائل حل نہیں ہوتے۔

میئر کراچی نے کہا کہ بچے ابراہیم کے لواحقین سے ندامت اور پشیمانی کا اظہار کیا ہے، ہمارے بھی بچے ہیں یہ واقعہ بہت تکلیف دہ ہے، انسانی ایشوز پر سیاست کے بجائے انسانیت پر فوکس ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سے میٹنگ میں حادثات کی صورت میں رسپانس کو بہتر کرنے پر بات ہوئی، کسی بھی واقعے کی صورت میں عملے کے پاس مشینری موجود ہونی چاہیے۔

میئر کراچی نے کہا کہ ہم نے گٹر کے ڈھکن کے لیے 1334 کی ہیلپ لائن متعارف کرائی ہے، شہری ہیلپ لائن کے ذریعے واٹر بورڈ کو اطلاع فراہم کریں۔ کوتاہیوں سے سیکھا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جاسکے۔

قومی خبریں سے مزید