سندھ کے سنیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی کی ہر بڑی سڑک پر پبلک ٹرانسپورٹ چلے گی، ووٹر چاہے جس کا بھی ہو، ہر علاقے میں بس چلائیں گے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے سندھ اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں اگلے ماہ نئی بسوں کا فلیٹ لا رہے ہیں، کوشش ہے کہ کراچی اور حیدر آباد کی ہر بڑی روڈ پر پیپلز بس سروس چلے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ 50 ای وی بسیں اور ڈبل ڈیکر بسیں کراچی پورٹ پر پہنچ چکی ہیں، مزید 500 ای وی بسیں لانے کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ سے منظوری لے لی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک کا نظام ٹھیک کرنا ہوگا، حادثات کو روکنے کے لیے کیس ٹو کیس جائزہ لینا ہوگا، اپوزیشن کو دعوت دیتے ہیں کہ ہمیں مشورے دیں۔
اِن کا کہنا تھا کہ انٹرا سٹی بسیں چلانے کے لیے ٹرانسپورٹرز کو قرضے دینے کو تیار ہیں۔