سندھ حکومت نے امتحانی نتائج کی غلطیوں کو کم کرنے کے لیے ای مارکنگ سسٹم متعارف کروا دیا۔
صوبائی وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز اسماعیل راہو نے انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (IBCC) اور سندھ بورڈز کمیٹی آف چیئرمین (SBCC) کے اشتراک سے منعقدہ 183ویں 2 روزہ اجلاس کے دوران ای مارکنگ سسٹم کا افتتاح کیا۔
اسماعیل راہو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سندھ کے تعلیمی بورڈز میں ایسا امتحانی نظام قائم کرنا چاہتے ہیں جو نا صرف جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو بلکہ شفاف، قابل اعتماد اور مکمل ڈیجیٹل بھی ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام بورڈز میں ای مارکنگ سسٹم اور ڈیجیٹائزیشن کو فروغ دینا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس کا مقصد جدید آلات کی فراہمی اور ہر بچے کے لیے معیاری تعلیم تک رسائی کو یقینی بنانا ہے۔
اسماعیل راہو نے بتایا کہ سندھ کے تعلیمی بورڈز میں ای مارکنگ سسٹم پہلے ہی کامیابی کے ساتھ نافذ کی جا چکا ہے اور اب حکام نے اگلے سال تک اس سسٹم کو صوبے کے دوسرے بورڈز تک پھیلانے کا منصوبہ بنایا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم امتحانی نتائج کو شفاف بنانے، پیپر لیک ہونے جیسے مسائل پر قابو پانے اور نقل کو ختم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، امتحانی نظام کو بہتر بنانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے اور یہ بات حوصلہ افزاء ہے کہ تمام بورڈز اس سلسلے میں متحد ہیں۔