• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رام گوپال ورما نے ارمیلا کیساتھ مبینہ تعلقات پر خاموشی توڑ دی

ارمیلا ماتونڈکر اور رام گوپال ورما—فائل فوٹو
ارمیلا ماتونڈکر اور رام گوپال ورما—فائل فوٹو

معروف فلم ساز رام گوپال ورما نے حالیہ انٹرویو میں خواتین اداکاراؤں کے بارے میں اپنے بیانات سے متعلق ہونے والی تنقید اور اداکارہ ارمیلا ماتونڈکر کے ساتھ اپنے مبینہ تعلقات کی خبروں پر کھل کر بات کی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایک ٹی وی انٹرویو میں رام گوپال ورما نے اُن افواہوں کا جواب دیا جن میں ارمیلا ماتونڈکر کے ساتھ ان کے تعلقات کا تذکرہ کیا جاتا رہا ہے۔

رام گوپال ورما اور ارمیلا نے 90ء کی دہائی اور 2000ء کی ابتداء میں متعدد کامیاب فلموں میں مل کر کام کیا، جن میں رنگیلا، داؤد، ستیہ اور پیار تُو نے کیا کیا شامل ہیں۔

رام گوپال ورما کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ میرے خیال میں ارمیلا سب سے ورسٹائل اداکارہ ہیں، اسی لیے میں نے ان کے ساتھ اتنی فلمیں کیں، میں نے امیتابھ بچن کے ساتھ بھی زیادہ کام کیا ہے، مگر اس پر کوئی بات نہیں کرتا، یہ سب سسٹم اور سوشل میڈیا کا طریقہ کار ہے کہ چھوٹی باتوں کو پھیلا دیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ رام گوپال ورما نے سری دیوی کے ساتھ 1991ء کی تیلگو فلم ’کشنا کشنم‘ بنائی تھی جسے ان کی بہترین فلموں میں شمار کیا جاتا ہے، وہ ماضی میں بھی متعدد بار سری دیوی کے فن اور اُن کی شخصیت پر تبصرے کو اپنی فلمی سوچ کا اہم حصہ قرار دے چکے ہیں۔

فلم ساز اس وقت اپنی نئی فلم ’پولیس اسٹیشن میں بھوت‘ کی تیاری میں مصروف ہیں، جس میں منوج باجپائی مرکزی کردار ادا کریں گے، یہ فلم پوری طرح ایک پولیس اسٹیشن کے اندر فلمائی جائے گی اور اس میں خوف و ہراس اور سنسنی خیزی کا منفرد انداز دکھایا جائے گا۔

یاد رہے کہ منوج باجپائی اور رام گوپال ورما تقریباً 27 برس بعد دوبارہ ایک ساتھ کام کر رہے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید