چیئرمین متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ہم نے اپنے لیڈر کو بھی پاکستان سے بڑا نہیں مانا، اس سے لا تعلق ہو گئے، اگر پی ٹی آئی والے سمجھتے ہیں ان کا قائد ملک سے بڑا ہے تو انہیں فیصلہ کرنا ہو گا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی سیاسی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا، خدشات بڑھ رہے ہیں کہ پاکستان کی سیاست میں غیر ملکی مداخلت نہ ہو، کیا حالات پاکستان کے خلاف کسی سازش کے امکانات تو پیدا نہیں کر رہے؟
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ حکومت سے توقع رکھتا ہوں کہ پاکستان کے خلاف چلائی جانے والی مہم کو احتیاط سے دیکھے، سیاسی اختلافات ہو سکتے ہیں، لیکن پاکستان کی حرمت اور بقا کے لیے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس سال ہندوستان کو شکست دے چکے، اب اس کی پراکسی کو بھی شکست دیں گے، جنہوں نے ہم پر الزامات لگائے، انہوں نے خود اپنے الزامات کی نفی کی ہے، پاکستان ہمارا ہے، ہم نے اس کے لیے قربانی دی اور دیتے رہیں گے۔