• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوامی مینڈیٹ کی نفی سے ملک کا نقصان ہو گا: شاہد خاقان عباسی

شاہد خاقان عباسی—تصویر بشکریہ فیس بک
شاہد خاقان عباسی—تصویر بشکریہ فیس بک

سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عوام کے مینڈیٹ کی نفی سے ملک کا نقصان ہو گا، گالیوں کی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

پشاور پریس کلب میں عوام پاکستان پارٹی کے ممبران کی تقریب سے خطاب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمارا مقصد اقتدار اور کرسی نہیں بلکہ ملک کو فائدہ پہنچانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک قانون اور آئین کے راستے سے ترقی کرے گا، نوجوانوں کے مسائل حل نہ کرنے سے سب سے بڑا بوجھ بنے گا۔

سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ نوجوان تعلیم اور کاروبار کے مواقع چاہتے ہیں، تمام اسٹیک ہولڈرزکو تحمل سے وقت گزارنا ہو گا۔

اُن کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا میں گورنر راج لگانے کی گنجائش ہے جو دیگر صوبوں میں بھی لگ سکتا ہے، عوام کے منڈیٹ کی نفی سے ملک کا نقصان ہو گا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بدنصیبی ہے کہ عوام کی رائے کا احترام نہیں کیا جاتا، آئین میں ترمیم عوام کی رائے سے ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے پر الزامات لگانے سے عوام کے مسائل حل نہیں ہوتے، گالیوں کی سیاست نہیں ہونی چاہیے، نفاق کو ختم کرنا ہو گا۔

سابق وزیرِاعظم نے کہا کہ جنگ کبھی بھی کسی مسئلے کا حل نہیں، افغانستان سے حملہ ہو رہا ہو تو ان کو منع کرنا چاہیے، افغانستان ہمارا ہمسایہ ملک ہے۔

اُن کا کہنا ہے کہ ہم ملک کے مسائل کے حل پر بات کرتے ہیں، ہماری واحد جماعت ہے جو ملک کو جوڑنے کی بات کرتی ہے، ہر کسی کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، اگر کوئی خیبر پختون خوا کو نظر انداز کرے گا تو مسائل بڑھیں گے۔

قومی خبریں سے مزید