وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ سینیٹ میں آئی ایم ایف رپورٹ کا جواب دے چکا ہوں، یہ رپورٹ حکومت نے ہی تیار کی ہے۔ آئی ایم ایف نے اصلاحات کی تعریف بھی کی ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا پیر کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کچھ ڈھانچہ جاتی خامیاں ہیں انہوں نے اس کی بات کی ہے، اراکین پارلیمنٹ یہ رپورٹ ضرور پڑھیں اس میں 15 سفارشات بھی ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ان سفارشات کی روشنی میں 31 دسمبر سے پہلے ایکشن پلان دیں گے، کافی چیزیں ایسی ہیں جن پر کام جاری ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ کئی امور پر قانون سازی ہوچکی ہے، انھوں نے اس موقع پر آئی ایم ایف کی سفارشات پڑھ کر بھی سنائیں۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا ہوسکتا ہے آئی ایم ایف کے اپنے ماہرین بھی آئیں ہم خیر مقدم کریں گے۔