• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میئر کراچی کا گٹر کے ڈھکن و اسٹریٹ لائٹس کیلئے ہر یو سی کو 1 لاکھ ماہانہ دینے کا اعلان

میئر  کراچی مرتضیٰ وہاب : فائل فوٹو
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب : فائل فوٹو 

کراچی میں مین ہول کورز اور اسٹریٹ لائٹس کی ٹوٹ پھوٹ کے معاملے پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے گٹر کے ڈھکن اور اسٹریٹ لائٹس کیلئے ہر یوسی کو 1 لاکھ روپے ماہانہ دینے کا اعلان کردیا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ نئے نظام کے تحت ہر یونین کمیٹی کو پہلے ہی 5 لاکھ روپے دیے جاتے تھے، دی جانے والی رقم کا بنیادی مقصد گلی محلوں کے مسائل کو حل کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ شہر کی بہت سی یوسیز نے دی جانے والی اس رقم کا درست استعمال کیا ہے، متعدد علاقوں سے رقم ناکافی ہونے اور تنخواہوں میں خرچ ہونے کی شکایات موصول ہوئیں۔

میئر کراچی نے کہا کہ یہ معاملہ قیادت کے سامنے رکھا اور سندھ حکومت نے شیئر بڑھا کر 12 لاکھ روپے کیا ہے، یہ رقم روزمرہ مسائل کے حل کیلئے دی گئی، مگروہ نتائج حاصل نہ ہو سکے جن کی توقع تھی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نیپا سانحے کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہر یونین کمیٹی کو ہر ماہ ایک لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

میئر کراچی نے مزید کہا کہ اب دی جانے والی رقم صرف گٹر کے ڈھکنوں اور اسٹریٹ لائٹس کیلئے فراہم کی جائے گی، یہ رقم دسمبر سے ہر یونین کمیٹی کو جاری کی جائے گی تاکہ مسائل کو موثر حل کیا جا سکے۔

قومی خبریں سے مزید