امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا ہے کہ امریکا اور پاکستان کا دیرینہ سیکیورٹی تعاون بہت اہم ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات صدر ٹرمپ کے دور میں مزید مضبوط ہوئے۔
امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا کہ دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعلقات بڑھا رہے ہیں، پاکستان میں پہلی بار یو ایس ای ایف پی کے لیے مستقل عمارت قائم کی گئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ نئی عمارت تعلیمی، ثقافتی اور تحقیقاتی سرگرمیوں کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ ہے، عمارت پاکستان اور امریکا کی دیرینہ تعلیمی شراکت داری کی علامت ہے۔
نیٹلی بیکر نے کہا کہ طلبا کو آن لائن کتابوں تک رسائی کی سہولت فراہم کی جائے گی، امریکی یونیورسٹیوں میں داخلے اور تحقیق کے لیے رہنمائی آن سائٹ دستیاب ہوگی۔
امریکی ناظم الامور نے کہا کہ عمارت میں فلم اسکریننگ، ثقافتی پروگراموں اور سیمینارز کے لیے جدید آڈیٹوریم قائم کیا گیا ہے۔ طلبا کے لیے تھری ڈی پرنٹنگ، پوڈکاسٹ اور سوشل میڈیا ٹیکنالوجی کی تربیت کا بندوبست بھی ہے۔