• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طلال چوہدری نے بانی پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل سے منتقلی کا اشارہ دے دیا

طلال چوہدری : فائل فوٹو
طلال چوہدری : فائل فوٹو 

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بانی پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل سے منتقلی کا اشارہ دے دیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ یہ اگر اب اڈیالہ کے باہر تماشا کریں گے، جیل میں قید دوسرے قیدیوں کیلئے خطرہ بنیں گے تو ایک قیدی کو منتقل کر دیا جائے گا۔

طلال چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی فوج اور اس کے سربراہ کو بلیک میل کرکے دوبارہ اقتدار اور کیسز ختم کروانا چاہتے ہیں، انہوں نے ہمیشہ دوسروں کے کندھوں کو استعمال کیا، اگر فیض نہ ہوتے تو بانی پی ٹی آئی وزیر اعظم تو کیا کونسلر بھی نہیں بن سکتے تھے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ اڈیالہ سمیت جہاں بھی انتشار پھیلایا گیا، وہاں قانون حرکت میں آئے گا، خیبر پختونخوا حکومت کے وسائل استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ کب تک کوئی خاموشی اختیار کرسکتا ہے، ہر روز بانی پی ٹی آئی کے ایکس ہینڈل سے ملکی اداروں کے خلاف بے جا تنقید کی جاتی ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کبھی بھی اسرائیل کو برا نہیں کہا اور نہ ہی کبھی بھارت کے خلاف کوئی بات کی ہے۔ اس جماعت کا وتیرہ ہے کہ پاکستان کے اداروں پر تنقید کی جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کب تک ان کی باتوں اور تنقید کو نظر انداز کیا جائے گا، یہ اس لائق نہیں کہ ان کی کسی بات کا جواب دیا جائے، ان کی حیثیت بنی گالہ کے شیرو سے زیادہ نہیں ہے۔

قومی خبریں سے مزید