چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے انڈونیشیا کے صدر پروابوو سبیانتو نے ملاقات کی ہے۔
مسلح افواج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی پر گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر پاکستان اور انڈونیشیا نے دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انڈونیشیا کے صدر نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور خطے میں امن واستحکام کے لےی پاکستان کے کردار کا اعتراف کیا۔
ملاقات میں تربیت، انسدادِ دہشت گردی اور استعدادِ کار میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، تربیت، انسدادِ دہشت گردی اور استعداد کار میں اضافے کے لیے دفاعی تعاون کو وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔
انڈونیشی صدر کو وزیرِ اعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر
بعد ازاں انڈونیشیا کے صدر وزیرِ اعظم ہاؤس پہنچے جہاں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔
اعلامیے کے مطابق انڈونیشیا کے صدر کو وزیرِ اعظم ہاؤس آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
وزیر ِ اعظم شہباز شریف سے انڈونیشیا کے صدر کی ملاقات ہوئی جس کے بعد وفود کی سطح پر اجلاس بھی منعقد ہوا۔