• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوٹیوب دیکھ کر جعلی ڈاکٹر نے آپریشن کر ڈالا، خاتون کی جان چلی گئی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کی ریاست اتر پردیش کے علاقے بارابنکی میں ایک جعلی ڈاکٹر کی سرجری کے باعث ایک خاتون کی جان چلی گئی۔ اناڑی ڈاکٹر نے یوٹیوب ویڈیو دیکھ کر نشے کی حالت میں آپریشن کیا اور مریضہ کے پیٹ، آنتوں اور غذائی نالی کی متعدد رگیں کاٹ ڈالیں۔

پولیس کے مطابق خاتون کی شناخت منیشرا راوت کے نام سے ہوئی ہے، ان کو شدید پیٹ درد کے باعث ان کے شوہر  مقامی غیر رجسٹرڈ کلینک لائے تھے۔

 کلینک کے مالک اور جعلی ڈاکٹر گیان پرکاش مشرا اور وِویک مشرا نے درد کی وجہ گردے کی پتھری قرار دی اور 25 ہزار روپے میں آپریشن کی تجویز دی، جو بعد میں 20 ہزار روپے میں طے ہوا۔

اگلے روز گیان پرکاش نے یوٹیوب ویڈیو دیکھتے ہوئے سرجری شروع کی، نشے میں ہونے کے باعث اس نے گردے کی پتھری نکالنے کے بجائے پیٹ میں گہرے کٹ لگا دیے اور آنتوں سمیت متعدد اہم رگیں کاٹ دیں۔

 آپریشن کے بعد مریضہ کی حالت بگڑ گئی اور اگلے دن وہ شدید تکلیف کے باعث دم توڑ گئی۔

شوہر کی شکایت پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا۔ 

پولیس نے دونوں ملزمان گیان پرکاش مشرا اور وِویک مشرا کے خلاف غیر ارادی قتل اور ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ کلینک غیر مجاز تھا اور دونوں ملزمان فرار ہیں، تاہم جلد گرفتار کر لیے جائیں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید