• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: 35واں نیشنل گیمز، ایچ ای سی نے مردوں اور خواتین کی فینسنگ چیمپئن شپ جیت لی

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے 35ویں نیشنل گیمز کی فیڈریشن اسپورٹس فیسٹیول میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے مردوں اور خواتین دونوں کی فینسنگ چیمپئن شپ جیت لی۔ 

یہ مقابلے 7 سے 11 دسمبر 2025 تک این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے اسپورٹس جمنازیم میں منعقد ہوئے۔

اس سال ایچ ای سی نے پہلی مرتبہ فینسنگ کے مقابلوں میں حصہ لیا تھا، جس کے باوجود دونوں کیٹیگریز میں ٹائٹل جیت کر غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ 

ایونٹ میں آزاد جموں و کشمیر، بلوچستان، پنجاب، سندھ، گلگت بلتستان، پولیس، نیوی، ایچ ای سی اور اسلام آباد کی ٹیموں نے بھرپور شرکت کی اور اعلیٰ مہارت، نظم و ضبط اور اسپورٹس مین اسپِرٹ کا مظاہرہ کیا۔

ایونٹ کی نگرانی سندھ فینسنگ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اور آرگنائزنگ کمیٹی کے سیکریٹری محمد تقی نے کی، جن کی سرپرستی میں تمام مقابلے احسن انداز میں مکمل ہوئے۔ کھلاڑیوں کی کارکردگی کو حاضرین اور تکنیکی حکام کی جانب سے بھرپور سراہا گیا جبکہ ایونٹ کے انتظامات کو بھی مثالی قرار دیا گیا۔

اختتامی تقریب میں نمایاں شخصیات نے شرکت کی، جن میں پاکستان فینسنگ فیڈریشن کے صدر بہزاد انور، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری خالد محمود، ریلوے اسپورٹس بورڈ کے صدر حمدان نذیر اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت شامل تھے۔ 

مہمانِ خصوصی نے کھلاڑیوں میں میڈلز اور اسناد تقسیم کیں اور ان کے عزم و حوصلے کو سراہا۔

پاکستان فینسنگ فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل نے تمام ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے حکومتِ سندھ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن، این ای ڈی یونیورسٹی، سندھ فینسنگ ایسوسی ایشن، مقابلوں کے ججز اور رضاکاروں کے تعاون کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جن کی بدولت 35ویں نیشنل گیمز کے فینسنگ مقابلے کامیابی سے ہمکنار ہوئے۔

مردوں کے مقابلے میں ایچ ای سی کی ٹیم 3 گولڈ، 2 سلور، 1 برانز میڈل کے ساتھ پہلے نمبر رہی، پنجاب کی ٹیم 3 گولڈ، 2 برانز کے ساتھ دوسرے نمبر اور بلوچستان 2 سلور، 3 برانز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔

خواتین کے مقابلوں میں ایچ ای سی کی ٹیم نے 3 گولڈ، 3 سلور، 3 برانز میڈل حاصل کر کے مقابلے اپنے نام کیے جبکہ بلوچستان نے 2 گولڈ، 2 سلور، 2 برانز اور پنجاب1 نے گولڈ، 2 برانز کے ساتھ باالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید