لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیرریلوےخواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق مسافروں کی سہولت کے لیے تمام بڑے ریلوے سٹیشنوں سمیت ٹرینوں میں انٹرنیٹ اور وائی فائی فراہم کرنے کے لیے فوری طور پر ایک ماڈل تیار کیا جائے۔اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی فہد رحما ن کی سربراہی میں ایک کمیٹی اگلے چند ہفتوں اپنی رپورٹ تیار کرکے پیش کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے ہیڈ کواٹرز آفس لاہورمیں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ ریلوے ہیڈ کوارٹرز سمیت تمام ڈویژنوں میں بھی انٹرنیٹ اور وائی فائی کی سہولت اور ویڈیو کانفرنس کیلئے آلات نصب کئے جائیں تاکہ وقت ضائع کئے بغیر مشاورت کر کے محکمہ ریلوے کی مزیدبہتری کے لئے فوری اقدامات اُٹھائے جا سکیں۔پانچ ٹرینوں جن میں پاکستان ایکسپریس ، تیز گام ایکسپرس، جعفر ایکسپریس، خیبر میل ایکسپریس اور عوام ایکسپریس کی اپ گریڈیشن کے سلسلے میں فوری اقدامات اُٹھائے جائیں۔وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ تمام نئے تعمیرشدہ ریلوے سٹیشنوں پر مرد اور بالخصوص عورتوں کے لئے نماز پڑھنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انور، مشیر ریلویز انجم پرویز ، ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر ہمایو ں رشید، ایڈیشنل جنرل منیجرپسنجر مقصودالنبی، ایڈیشنل جنرل منیجر مکینیکل لیاقت علی چغتائی، فنانشنل ایڈوائزر اینڈ اکائونٹس آفیسرڈاکٹرسعید الٰہی،ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ورکشاپس مغل پورہ سلمان صادق، چیف مارکیٹنگ منیجر عبدالحمید رازی، چیف انجینئرکیرج اینڈویگن عدنان شافع، چیف مکینیکل انجینئرلوکو شاہد عزیز، ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی فہد رحمان سمیت دیگر ریلوے کے اعلیٰ افسروں نے شرکت کی۔