پشاور ہائی کورٹ نے درخواست گزار افغان طالبہ کو داخلے کے عمل سے نہ نکالنے کا حکم دے دیا۔
افغان طالبہ کی داخلہ سے متعلق درخواست پر پشاور ہائی کورٹ نے گزشتہ سماعت کا حکمنامہ جاری کر دیا۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار طالبہ کو افغان پاسپورٹ نہ ہونے کی بنیاد پر داخلے کے عمل سے نہ نکالا جائے۔ افغان طلبہ کو مخصوص سیٹوں پر داخلہ کے لیے افغان پاسپورٹ اور ویزا رکھنا ضروری ہے۔
پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ درخواست گزار طالبہ کے وکیل کے مطابق پاک افغان بارڈر بند ہے، بارڈر کی بندش سے پاسپورٹ کے حصول میں کچھ وقت لگے گا۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے مطابق انہیں پاسپورٹ نہ ہونے کی بنیاد پر داخلہ سے محروم رکھا جا رہا ہے، فریقین اس حوالے سے تفصیلی جواب جمع کریں، اس دوران افغان طالبہ کو داخلے کے عمل سے نہ نکالا جائے۔
عدالت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ درخواست پر مزید سماعت 30 دسمبر تک ملتوی کی جاتی ہے۔