سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے تحریک انصاف کی موجودہ قیادت کو نااہل قرار دیدیا۔
اسلام آباد میں سابق ایم این اے محمود مولوی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں عمران اسماعیل نے کہا کہ تحریک انصاف کی موجودہ قیادت نااہل ہے،واضح نظر آرہا ہے کہ پی ٹی آئی کے پاس اب کوئی راستہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی مصالحت کی بات کرے ورنہ شرمندگی ہوگی، تحریک انصاف سمیت تمام جماعتوں کو ایک میز پر بیٹھنا ہوگا،جھگڑوں کو پس پشت ڈال کر ایک سمت پر چلنا چاہیے۔
سابق گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ہمیں سب سے بات کرنی پڑے گی، رویے تبدیل کرنا ہوں گے، بڑے عرصے کے بعد پاکستانی دنیا میں سر اٹھا کرچل رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں احتساب کی باتیں تو ہوئیں عملاً احتساب نہیں ہوا، فیض حمید کو 14 سال کی سزا سنائی گئی، ایسا طریقہ اپنایا گیا جو پاکستان کی فوج کے لیے بھی مشکل تھا۔
عمران اسماعیل نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو اب ایک سمت دینی ہے، جھگڑوں کو پس پشت ڈال کر ایک سمت پرچلنا چاہیے، تحریک انصاف سمیت تمام جماعتوں کو ایک میز پر بیٹھنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جنھوں نے تحریک انصاف کےلیے 22 سال جدوجہد کی وہ پارٹی چھوڑ گئے یا سائیڈ پر ہو گئے۔
محمود مولوی نے کہا کہ فوجی عدالت کا فیصلہ خوش آئند ہے،فیض حمید کی وجہ سے اداروں کو نقصان پہنچا،تمام سیاسی جماعتوں کو ایک میز پر بیٹھنا چاہیے کہ ہم کس راہ پر چلیں۔
ان کا کہنا تھاکہ ہم جمہوریت کی بات کرتے ہیں لیکن کسی جماعت میں جمہوریت نہیں ہے، نئے انتظامی یونٹ بننے چاہئیں تاکہ ترقی ہو۔