سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید کا کہنا ہے کہ کراچی کو اس نہج تک پہنچانے والے آج رو رہے ہیں، ریکارڈ دیکھیں، پتہ چل جائے گا ان کے دور میں کراچی کتنا خوفناک شہر تھا۔
ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے وفاقی وزیر صحت اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا کہ پیپلز پارٹی شہر کو بہتر بنا رہی ہے، کراچی کی روشنیاں لوٹ رہی ہیں۔
سعدیہ جاوید نے کہا کہ جنہوں نے بلدیاتی الیکشن میں حصہ ہی نہیں لیا، وہ کس منہ سے مقامی حکومتوں کی بات کر رہے ہیں؟
انہوں نے مزید کہا کہ پرانے فنانس کمیشن کے تحت ملنے والے فنڈز پورے سندھ میں یکساں خرچ ہوتے ہیں اور سب سے زیادہ ترقیاتی منصوبے بھی کراچی میں چل رہے ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ صوبائی خود مختاری وزیراعلیٰ کے خود مختار ہونے کا نام نہیں، 17سالوں میں 20 ہزار ارب روپے سے زائد سندھ کو مل چکے لیکن کراچی آج بھی رہنے کی بدترین جگہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کراچی میں ایم کیو ایم کے پاس نہ شہری حکومت ہے نہ مقامی حکومت، آج کے حکمرانوں کو کام کرکے کراچی سے ہماری سیاست ختم کردینی چاہیے تھی، سب کہتے ہیں کہ کراچی کو ٹھیک کریں گے لیکن کب کریں گے اس کا انتظار ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی دودھ دینے والی گائے ہے، اس کو چارہ تو دو، پہلے ہی بہت دیر ہوچکی ہے، ہم کہیں پوائنٹ آف نو ریٹرن کی طرف نہ چلے جائیں۔