سندھ اسمبلی میں سانحۂ مشرقی پاکستان کے متعلق قرار داد پیش کی گئی۔
قرار دادا میں افواجِ پاکستان کے ساتھ قربانیاں دینے والے بہاریوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی اعجاز الحق نے کہا کہ بہاریوں کو قربانیوں پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیرِ قانون سندھ ضیاء لنجار نے ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کیا مجال ہے کہ ہم اس قرار داد کی مخالفت کریں، مشرقی پاکستان کے شہداء کو سلام کرتے ہیں۔
اعجاز الحق نے کہا کہ یہ وہ اسمبلی ہے جس نے پاکستان کی قرار داد منظور کی تھی۔
پیپلز پارٹی کے رکن غلام قادر چانڈیو نے کہا کہ ایسا تاثر دیا گیا کہ صرف ایک قوم نے قربانی دی، اس سے ہم جیسے سیاسی کارکنوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔
غلام قادر چانڈیو نے کہا کہ کبھی پاکستان مخالف نعرہ نہیں لگایا، جانیں دے کر پاکستان کا نعرہ لگایا۔
قرار داد ایوان میں متفقہ طور پر منظور کر لی گئی جس کے بعد سندھ اسمبلی کا اجلاس جمعے کی سہ پہر ڈھائی بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔