پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمٰن نے بونڈی بیچ حملے میں ملوث دہشت گرد کے بھارت سے ممکنہ تعلق پر اظہارِ تشویش کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فٹیف) بھارت کی جانب سے عالمی سطح پر سرگرم دہشت گرد گروہوں کی مبینہ حمایت کا جائزہ لے۔
شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ بونڈی بیچ حملے کو دہشت پھیلانے کے اصل مقصد سے ہٹا کر شناختی سیاست کا رنگ دیا جا رہا ہے جو گمراہ کن ہے۔
پی پی پی رہنما نے کہا کہ واقعے کے بعد اسلاموفوبیا سمیت ہر قسم کی نفرت غلط ہے، معصوم شہریوں پر حملہ چاہے بونڈی بیچ میں ہو یا غزہ میں ہر صورت ناقابلِ قبول ہے۔
یاد رہے کہ اتوار کو آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل پر یہودیوں کے ایک تہوار کی تقریب پر 2 مسلح افراد نے فائرنگ کی تھی جس میں 15 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوئے۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں فائرنگ کرنے والا ایک شخص مارا گیا اور دوسرے حملہ آور کو زخمی حالت میں حراست میں لیا گیا تھا۔