• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی عالمی کتب میلے میں آ کر ایمان اور یقین تازہ ہو جاتا ہے: خالد مقبول صدیقی

وفاقی وزیرِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کتب ہماری میراث ہیں، کراچی ایک چھوٹا پاکستان ہے جو بڑے پاکستان کو پالتا ہے، کراچی عالمی کتب میلے میں آ کر ایمان اور یقین تازہ ہو جاتا ہے۔

یہ بات انہوں نے ہفتے کے روز کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری 5 روزہ کراچی عالمی کتب میلے میں کہی۔

وفاقی وزیرِ تعلیم خالد مقبول صدیقی نے اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی، رکنِ اسمبلی عادل عسکری اور دیگر کے ہمراہ کراچی کتب میلے کا دورہ کیا۔

انہوں نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 20 سال سے دنیا کو کتب میلے کے ذریعے یہ رونق دکھائی جا رہی ہے، کراچی ایک چھوٹا پاکستان ہے، کراچی چلتا ہے تو پاکستان پلتا ہے، پاکستان ہمارا ہے، اسے بچانا ہے۔

وفاقی وزیرِ تعلیم کا کہنا ہے کہ 17 سال سے قومی اتفاقِ رائے سے کراچی کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے وہ آج شکست کھا گئے ہیں، کراچی کتب میلے میں آ کر ایمان اور یقین تازہ ہو جاتا ہے۔

جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر نے کہا کہ اس کتب میلے نے ثابت کر دیا ہے کہ یہ شہر علم و کتب سے محبت کرنے والوں کا شہر ہے، کتاب سے دوستی کا کوئی نعم البدل نہیں ہے، ٹیکنا لوجی کا استعمال ضروری ہے تاہم اس کے باوجود کتب کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کر سکتے،کتابیں فرد کی زندگی کی رہنمائی کرتی ہیں۔

اپوزیشن لیڈر علی خورشید ی کا کہنا ہے کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ آج کے دور میں کتب کی اہمیت ختم ہوگئی ہے وہ کراچی ورلڈ بک فیئر آکر دیکھیں کہ آگاہی اور علم کے پیاسے آج بھی سیراب ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کتب میلے نے کتابوں سے محبت کا ثبوت دیا ہے، آج بھی یہ شہر کتابوں سے محبت کرتا ہے۔

پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسو سی ایشن کے تحت کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہ کراچی ورلڈ بک فیئر کا ہفتے کو تیسرا دن تھا، آج کتابوں سے محبت کرنے ولوں کی بڑی تعداد کتب میلے میں پہنچی۔

ایک محتاط اندازہ کے مطابق کراچی کتب میلے میں 2 سو سے زائد اسکولز و کالجزطلبہ سمیت 3 لاکھ سے زائد شہریوں نے دورہ کیا۔

آج ایکسپو سینٹر میں اتنا رش تھا کہ شائقینِ کتب کو اپنی گاڑیاں ایکسپو سینٹر سے باہر پارک کرنی پڑ گئیں، کتب میلے کے اسٹال پر بچوں کی کہانیوں، ناول اور تاریخی کتب پر شہریوں کا زیادہ رش نظر آیا جبکہ سائنس فکشن، معلوماتِ عامہ اوردیگر کتب بھی خریدی گئیں۔

عالمی کتب میلے میں وفاقی وزیرِ تعلیم و تربیت خالد مقبول صدیقی کے علاوہ اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی، ایم این اے احمد سلیم صدیقی، جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر، منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل بک فائونڈیشن ڈاکٹر کامران جہانگیر، ریجنل ڈائریکٹر فیاض، ادیبہ فاطمہ حسن سمیت ادبی، سماجی، تعلیمی اور مذہبی شخصیات نے دورہ کیا۔

کتب میلے میں ملکی اور غیر ملکی پبلشرز اور بک سیلرزکی جانب سے 329 اسٹالز لگائے گئے ہیں جن میں ملائیشیا، ترکی، مصر، یو اے ای سمیت 17 ممالک کے پبلشرز و بک سیلرز بھی شامل ہیں، یہ کتب میلہ 22 دسمبر بروز پیر تک جاری رہے گا۔

قومی خبریں سے مزید