خیبر پختون خوا میں کوہاٹ تا خرلاچی نیا ریلوے ٹریک بچھانے کے منصوبے کی میعاد طے ہو گئی۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی کی زیرِ صدارت اجلاس میں صوبائی حکومت اور پاکستان ریلوے میں تعاون اور اشتراک بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ کوہاٹ تا خرلاچی 192 کلومیٹر نیا ریلوے ٹریک بچھایا جائے گا، یہ منصوبہ 2 سال میں مکمل ہو گا۔
اجلاس میں خیبر پختون خوا کے مختلف ریلوے ٹریکس پر جدید ٹرینیں چلانے پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ریلوے کے منصوبوں کے لیے ٹائم لائنز کے ساتھ پلان تیار کرنے کی ہدایت کی۔
سہیل آفریدی نے ہدایت کی کہ صوبے کے دیگر بڑے شہروں میں بھی ٹرینیں چلانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
دورانِ اجلاس اُن کا کہنا تھا کہ کوہاٹ تا خرلاچی ٹرین سروس سے سفری سہولتوں کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا نے کہا کہ صوبے کے عوام کے مفاد میں پاکستان ریلوے کو مکمل تعاون فراہم کریں گے۔
اجلاس میں جمرود تا لنڈی کوتل 32 کلو میٹر ٹریک پر سفاری ٹرین چلانے، قدیم اور تاریخی ریلوے اسٹیشنز کی بحالی، صفائی، تزئین و آرائش اور ٹریکس کے اطراف گرین بیلٹس کی تعمیر پر غور کیا گیا۔