• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر ملکی میڈیکل گریجویٹس کیلئے نیشنل رجسٹریشن امتحان کے نتائج کا اعلان

نیشنل رجسٹریشن امتحان (نیشنل رجسٹریشن ایگزام) اسٹیپ-I کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ 

یہ امتحان نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز (این یو ایم ایس) راولپنڈی کے زیرِ انتظام 14 دسمبر 2025 کو منعقد کیا گیا تھا۔

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) کی پالیسی کے مطابق، اس اہم امتحان کے تمام بنیادی مراحل، جن میں پرچہ سازی، نتائج کی تیاری اور حتمی اعلان شامل ہیں، این یو ایم ایس کو سونپے گئے تھے۔

اعداد و شمار کے مطابق، مجموعی طور پر 7,076 امیدواروں (6,993 میڈیکل اور 83 ڈینٹل) نے رجسٹریشن کروائی، جن میں سے 7,012 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے۔ ان میں سے 1,473 امیدوار کامیاب قرار پائے (میڈیکل کے 1,467 اور ڈینٹل کے 6) میڈیکل امیدواروں کی کامیابی کی شرح 21.17 فیصد جبکہ ڈینٹل امیدواروں کی کامیابی کی شرح 7.23 فیصد رہی۔ 64 امیدوار امتحان میں غیر حاضر رہے۔

پی ایم اینڈ ڈی سی قانون کے مطابق، غیر ملکی میڈیکل گریجویٹس (FMGs) کے لیے سال میں دو نیشنل رجسٹریشن امتحانات منعقد کرنا لازم ہے۔

اس سے قبل 25 جون 2025 کو منعقد ہونے والے این آر ای میں مجموعی طور پر 5,035 امیدواروں (4,994 میڈیکل اور 41 ڈینٹل) نے رجسٹریشن کروائی۔ ان میں سے 4,994 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے۔ 1,252 امیدوار امتحان میں کامیاب ہوئے۔ مجموعی میڈیکل کامیابی کی شرح 25.26 فیصد رہی جبکہ 41 امیدوار غیر حاضر تھے۔

نتائج پی ایم اینڈ ڈی سی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیے گئے ہیں۔ ہر امیدوار اپنے مخصوص رول نمبر کے ذریعے اپنا نتیجہ، پاس یا فیل، چیک کر سکتے ہے۔ این آر ای اسٹیپ-II (کلینیکل امتحان) کی تاریخوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

 وہ تمام امیدوار جو دونوں مراحل میں کامیاب ہوں گے، انہیں ملک کے اندر یا بیرونِ ملک ہاؤس جاب کرنے کے لیے PM&DC کی جانب سے عارضی رجسٹریشن سرٹیفکیٹس جاری کیے جائیں گے۔ پی ایم اینڈ ڈی سی اس امر کی تصدیق کرتا ہے کہ مذکورہ نتائج اس کی معیاری پالیسی اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق میرٹ کی بنیاد پر مرتب کیے گئے ہیں۔

مزید برآں، پی ایم اینڈ ڈی سی والدین اور طلبہ کو مشورہ دیتا ہے کہ بیرونِ ملک داخلہ صرف معیاری اور تسلیم شدہ میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں حاصل کریں، خصوصاً صحت جیسے معزز پیشے میں، جو براہِ راست انسانی جانوں سے وابستہ ہے۔ 

والدین کو چاہیے کہ وہ اس حقیقت کو تسلیم کریں کہ غیر تسلیم شدہ یا کم معیار والے اداروں کا انتخاب نہ صرف ان کے بچوں کے پیشہ ورانہ مستقبل کو خطرے میں ڈالتا ہے بلکہ محنت سے کمائی گئی مالی وسائل کے ضیاع اور قیمتی وقت و برسوں کی محنت کے ناقابلِ تلافی نقصان کا سبب بھی بنتا ہے۔ 

پی ایم اینڈ ڈی سی اس بات پر زور دیتا ہے کہ آج کیے گئے ذمہ دارانہ تعلیمی فیصلے ہی میڈیکل کے پیشے کے وقار اور مستقبل کے صحت کے پیشہ ور افراد کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہیں۔

قومی خبریں سے مزید