سیہون میں فائرنگ سے زخمی ہونے والے اے ایس آئی نیازپنہور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔گزشتہ روزنشے میں دھت 4 مسلح افراد نے نیاز پنہور کی گاڑی پر فائرنگ کردی تھی ۔
ایس ایس پی جامشورو طارق ولایت کےمطابق اے ایس آئی تھانا بوبک نیاز پنہور گزشتہ روز گاڑی میں جارہے تھے۔ اس دوران سیہون روڈ پر نشے میں دھت 4 مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کردی جس سے وہ زخمی ہوگئے۔ جنھیں سول اسپتال جامشورو منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
ایس ایس پی نے دعویٰ کیا تھاکہ فائرنگ کرنے والوں میں غلام حسین رند اور اسکے ساتھی ملوث ہیںجو پیپلزپارٹی سیہون کے رہنما حبیب اللہ رند کا بیٹا ہے ۔ غلام حسین کا چند دنوں پہلے ایس ایچ او سے جھگڑا ہواتھا ۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنما کاکہناہےکہ اگر اُن کا بیٹا فائرنگ میں ملوث ہواتو وہ خود گرفتار کرانے میں پولیس کی مد د کریں گے۔پولیس نے فائرنگ کے الزام میں فتح رند نامی ایک نوجوان کو گرفتار کیا ہواہےاور دیگر تین حملہ آوروں کی گرفتاری کےلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔