پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز (پی پی پی پی) کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا بیان پی ٹی آئی کےلیے پیشکش ہے۔
نیر بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیرِاعظم کی طرف سے بھی مذاکرات کی پیشکش آئی ہے، خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ کہتے ہیں اسٹریٹ پاور دکھاؤں گا، پی ٹی آئی نے خود طے کرنا ہے مذاکرات چاہتے ہیں یا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی آئین کے اندر رہتے ہوئے سیاست کرے تو ان کے لیے بہتر ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی پی پی نے ہمیشہ مفاہمت کی سیاست کی ہے، تناؤ کی صورت حال میں ملک اور قوم کا نقصان ہو رہا ہے، پیپلز پارٹی کی تاریخ معاملات میں بہتری کی تاریخ ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے لیے پیغام ہے کہ انتہا پسندی چھوڑ دے، یہ پی ٹی آئی اور ان کے کارکنوں کے لیے بہتر ہوگا۔
لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی شدت پسندی کی سیاست چھوڑ دے اس سے ملکی سیاست پر اچھا اثر پڑے گا، انتہا پسندی کی سیاست کی جائے تو جواب میں سختی پر شکایت نہیں ہونی چاہیے۔