• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم جامعہ کراچی شاندار روایات کے ساتھ منایا جائے گا، اعجاز فاروقی

جامعہ کراچی کے ممتاز فارغ التحصیل طلبہ کی انجمن یونی کیریئنز (انٹرنیشنل) کے صدر پروفیسر اعجاز فاروقی نے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور یوم جامعہ کے سلسلے میں قائم آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان سے ملاقات میں یکم جنوری کو یوم جامعہ کو حتمی شکل دیدی ہے۔ 

اس موقع پر ارکان نے پروفیسر اعجاز فاروقی کو تمام تر انتظامات اور تیاری کے بارے میں بریفنگ دی۔ 

صدر یونی کیریئنز (انٹرنیشنل) نے تمام تر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی کی مشاورت سے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی۔

پروفیسر اعجاز فاروقی نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی یکم جنوری 2026 کو اپنی سابقہ روایات کے مطابق اپنی جامعہ اور مادرِ علمی سے عقیدت اور محبت کے اظہار کے دن کے طور پر منائے جانے والے "یومِ جامعہ" کو شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔ 

پروگرام کے مطابق شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی اور صدر یونی کیریئنز (انٹرنیشنل) پروفیسر اعجاز فاروقی جا معہ کراچی کے تمام اساتذہ کرام، یونی کیریئنز (انٹرنیشنل) کے عہدیداران اور فارغ التحصیل طلبہ، عمائدین شہر اور حفاظ کرام کے ہمراہ تمام نو واردان جامعہ کا سلور جوبلی گیٹ پر صبح 8:30 بجے استقبال کریں گے۔

جس کے بعد قرآن پاک کی تلاوت کے سایہ میں سلور جوبلی گیٹ سے واک کرتے ہوئے وائس چانسلر آفس سے متصل پارکنگ ایریا میں سجے پنڈال میں داخل ہوں گے۔ جہاں مقررین پنڈال میں موجود اساتذہ کرام، فارغ التحصیل طلبہ، والدین اور نو واردان جامعہ سے خطاب کریں گے۔ 

تقریب میں عمائدین شہر اور جامعہ کراچی سے وابستہ تمام افراد کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید