وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں علاقائی صورتحال اور حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے مملکتِ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور مختلف چیلنجز کے تناظر میں امتِ مسلمہ کے درمیان اتحاد و ہم آہنگی برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔
اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں میں نہایت گرم جوش اور خوشگوار گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے شاہ سلمان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ٹیلیفونک رابطے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی مملکت کی خواہش کا اعادہ کیا۔
انہوں نے آئندہ برس پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔