• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مجھے وزیراعظم پیسے نہیں دے رہے ہیں، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا وعدہ ہے ترقی کا سفر جاری رہے گا، مجھے وزیر اعظم پیسے نہیں دے رہے ہیں۔

رنچھوڑ لائن میں حسن علی ہوتی مارکیٹ کے افتتاح کے موقع پر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سب کو 100 سال پرانی تاریخی حسن علی ہوتی مارکیٹ میں خوش آمدید کہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمی کراچی نے اس تاریخی مارکیٹ کو بہتر کرنے کا بیڑا اٹھایا، ہم نے تجاوزات ہٹائیں اور اس بلڈنگ کو دوبارہ بحال کیا۔

میئر کراچی نے مزید کہا کہ آج آپ فخریہ کہہ سکتے ہیں کہ ایسا ہے ہمارا کراچی، ہوتی خاندان یہاں موجود ہے، انہوں نے بھی شکریہ ادا کیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے ڈینسو ہال اور مچھی میانی مارکیٹ کو بحال کیا، ایمپریس مارکیٹ کو مکمل کرکے 31 جنوری کو بحال کریں گے، لی مارکیٹ کی بحالی کے کام کا آغاز کردیا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ یہی وہ اختیار ہیں جو استعمال کرکے لوگوں کو سہولت دے رہے ہیں، یہ پیپلز پارٹی کا وعدہ ہے کہ ترقی کا سفر جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ دیگر مارکیٹس کو بھی بحال کر رہے ہیں، کراچی میں 46 ارب روپے خرچ کرنے جا رہے ہیں، مختلف شاہراہیں بنائیں گے، دراصل ہمیں لوگوں سے پیار ہے۔

میئر کراچی نے کہا کہ اس پیار، محبت اور ترقی کا سلسلہ اسی طریقے سے جاری رہے گا، میئر کے پاس اختیار کی کمی نہیں ہوتی، اصل بات وسائل کی ہے، مجھے وزیر اعظم پیسے نہیں دے رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے وسائل میں اضافہ کیا جس وجہ سے یہ کام کر رہے ہیں، نعمت اللّٰہ خان کے دور میں سڑکیں کمرشل کر کے اضافہ کیا گیا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سمندر میں ان ٹریٹیڈ پانی جاتا تھا، ابھی پلانٹ چل رہے ہیں اور دیگر بھی بن رہے ہیں، شاہراہ بھٹو پر تیزی سے کام چل رہا ہے، بسیں آ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس عمارت کے حوالے سے دو پلان ہیں، ایک بڑے پیکیج پر کام کررہے ہیں، کیا پہلے نیا سال منا سکتے تھے؟ سی ویو بند ہوتا تھا، اس بار لاکھوں کی تعداد میں لوگ باہر نکلے۔

میئر کراچی نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو کراچی آمد پر مکمل عزت دیں گے اور خوش آمدید کہیں گے۔

قومی خبریں سے مزید