وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منی لانڈرنگ میں ملوث مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ بڑے منی لانڈررز پر مضبوط ہاتھ ڈالا جائے۔
ایف آئی اے کراچی زون میں وفاقی وزیر داخلہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ایف آئی اے کراچی زون اور ساؤتھ زون کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ منی لانڈرنگ میں ملوث عناصر کی پوری منی ٹریل بے نقاب کی جائے۔حوالہ ہنڈی کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز ایکشن نظر آنا چاہیے۔
محسن نقوی نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹس مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی کا حکم دیا اور کہا کہ معصوم لوگوں کو جھانسہ دے کر باہر بھجوانے والے رتی بھر رعایت کے مستحق نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جعلی ادویات کا کاروبار کرنے والے انسانی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں، مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے۔
اجلاس میں ایف آئی اے حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ 4 ماہ میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث 20 ایجنٹس کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 140 ملین روپے کی نان کسٹم مصنوعات اور ڈرگز ضبط کی گئیں۔
اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے کراچی ایئر پورٹ پر سہولت سینٹر قائم کر دیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے افسران سے متعلقہ سرکلز کی کارکردگی رپورٹ طلب کرتے ہوئے مزید محنت سے کام کرنے کی ہدایت کی۔