• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دین کا نام استعمال کر کے فتنہ کو فروغ دینا خیانت ہے، مریم نواز

تصویر، اسکرین گریب
تصویر، اسکرین گریب

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ دین کا نام استعمال کر کے فتنہ کو فروغ دینا خیانت ہے۔

لاہور میں علمائے کرام میں اعزازیہ کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ علماء اور آئمہ کرام کا معاشرے میں اہم کردار ہے، علماء اور آئمہ کرام ہمارے لیے قابلِ احترام ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ جب کوئی مسئلہ درپیش ہوتا ہے تو ہم سب آپ کی طرف دیکھتے ہیں۔ خوشی، غم کے موقع پر کوئی سوال ہو تو ہم آپ کی طرف دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں آپ لوگوں کا دل سے احترام کرتی ہوں، فروری سے بینک اکاؤنٹ کے ذریعے اعزازیہ فراہم کیا جائے گا، 25 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ ملے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آئمہ کرام کی خدمت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ لوگوں نے اسے سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی لیکن ایسا نہیں ہوسکا، کئی لوگوں نے مذہب کے نام پر فتنہ کو فروغ دیا۔ پولیس، رینجرز کے نوجوانوں کو انہوں نے شہید کیا، ان کے گھروں میں آج صف ماتم بچھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فتنہ کی سرکوبی میں مجھے آپ کی ضرورت ہے، لوگوں کی املاک جلا دی گئیں، آمدورفت کے راستے بند کردیے گئے، اگر یہ فتنہ نہیں تو اور فتنہ کس کو کہتے ہیں۔ فتنہ، ظلم و زیادتی چاہے کسی بھی رنگ میں ہو، اسے کٹہرے میں لانا ریاست کی ذمہ داری ہے، ریاست شہداء کے خون کا حساب لے گی، ریاست لوگوں کے جان و مال، قوم کی سلامتی سے کھلواڑ کی اجازت نہیں دے گی۔

وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے مزید کہا کہ ہر ظالم اور مافیا کے لیے پنجاب کی زمین تنگ کردی گئی ہے، ٹریفک قانون کی سختی سے لوگ خوش نہیں، ٹریفک قوانین پر سختی سے مریم نواز کو کوئی فائدہ نہیں، مریم نواز آپ کا چالان نہیں کرنا چاہتی۔

قومی خبریں سے مزید