وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ خوارج کو ہمسایہ ممالک کی حمایت افسوسناک ہے، فیلڈ مارشل دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فوج کی قیادت کر رہے ہیں، دہشتگردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
کوئٹہ میں سیاسی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی نے خیبر پختونخوا کی طرح بلوچستان میں بھی مشکلات پیدا کیں، تمام تر چیلنجز کے باوجود بلوچستان کابینہ عوامی خدمت میں مصروف ہے، آج کراچی چمن روڈ کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے بلوچستان کابینہ سے ملاقات میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز میں 784 دہشتگردوں کی ہلاکت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی کوششوں سے بلوچستان کے امن میں بہتری آئی ہے، بلوچستان کی ترقی، استحکام اور عوامی فلاح کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے جہاں گورنر ہاؤس آمد پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر گورنر ہاؤس بلوچستان میں وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
گورنر ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں بلوچستان کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
گورنر بلوچستان نے وزیراعظم کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور ان میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی، وفاقی وزراء ڈاکٹر احسن اقبال، علیم خان، رانا ثناء اللہ اور بلوچستان کے سیاسی رہنما بھی شریک تھے۔