• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کا زیادہ خسارے والے بجلی فیڈرز شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا حکم

وزیراعظم شہباز شریف نے زیادہ خسارے والے بجلی فیڈرز شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات سے متعلق جائزہ اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ زیادہ خسارے والے بجلی فیڈرز صوبائی حکومتوں کے تعاون سے شمسی توانائی پر منتقل کیے جائیں، اس اقدام سے خسارے میں چلنے والے فیڈرز کے نقصانات میں کمی ہوگی اور ان علاقوں میں بجلی مسلسل میسر ہوگی۔

اجلاس کو پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) اور کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (قیسکو) کے خسارے میں چلنے والے فیڈرز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ 

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایسے فیڈرز کی سولرائزیشن سے مقامی آبادی کے لیے ماحول دوست، کم لاگت اور پائیدار مائیکرو گرڈ قائم کیا جا سکے گا، جس میں مقامی آبادی، صوبائی اور وفاقی حکومتیں شراکت دار ہوں گی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پیسکو اور کیسکو کے زیادہ نقصان والے فیڈرز میں فی الفور پائیلٹ پروجیکٹس شروع کیے جائیں، پائلٹ پروجیکٹس کامیاب بنانے کے لیے منتخب نمائندوں سے مشاورت اور کمیونٹی کی شرکت یقینی بنائی جائے۔

قومی خبریں سے مزید