اسلام آباد(خالد مصطفیٰ) پاکستان کے سب سے بڑے برآمدی شعبے نے خبردار کیا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں مجوزہ اضافے کے نتیجے میں صنعتی صارفین کے لیے بجلی کی لاگت 7.61 روپے فی یونٹ تک بڑھ سکتی ہے، جس سے اوسط صنعتی بجلی قیمت 10.5 سینٹ فی یونٹ سے تجاوز کر جائے گی اور پاکستانی صنعت خطے کے ممالک کے مقابلے میں فیصلہ کن نقصان میں چلی جائے گی۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو جمع کرائی گئی تحریری سفارشات میں آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (APTMA) نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بڑے صنعتی صارفین کے لیے مجوزہ یکساں (یونیفارم) بجلی ٹیرف کے تحت B3 اور B4 کیٹیگری کے صارفین کے لیے اوسط بجلی قیمت 29.4 سے 29.6 روپے فی یونٹ تک پہنچ جائے گی، جبکہ نیپرا کی جانب سے لاگت کے مطابق طے کردہ قیمت 23 سے 26 روپے فی یونٹ کے درمیان بنتی ہے۔APTMA کے مطابق، نیپرا کے اپنے حسابات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ لاگت پر مبنی ٹیرف کے تحت B3 صارفین کے لیے اوسط بجلی قیمت 23.03 روپے فی یونٹ (8.2 سینٹ) اور B4 صارفین کے لیے 26.03 روپے فی یونٹ (9.3 سینٹ) بنتی ہے۔