پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما پلوشہ خان نے کہا ہے کہ صدر زرداری کو خبر ہی نہیں اور کل ان کے نام سے آرڈیننس جاری ہوگیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پلوشہ خان نے کہا کہ صدر زرداری کو دھوکا دیا گیا، ان کے ساتھ باریک واردات ڈالی گئی، ہوش کے ناخن لیں۔
انہوں نے کہا کہ جعلی آرڈیننس کی فیکٹری کو بند کیا جائے، جعلی ڈگریاں تو سنی ہیں لیکن جعلی آرڈیننس پہلی بار سنا، حکومت کی جانب سے کہا گیا کہ یہ غلطی سے ہوگیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایسی غلطیاں افورڈ نہیں کرسکتا، جو بھی ایسی غلطی کر رہا ہے اس کو اپنی صفوں سے باہر نکالیں۔
پلوشہ خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ کےپی کو سندھ میں خوش آمدید کہا لیکن وہ پھر بھی خوش نہیں۔ وہ سڑک پر جلسہ کرنا چاہ رہے تھے، باغ جناح شاید نہیں بھر سکتے تھے۔
پلوشہ خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا نجکاری پر واضح مؤقف ہے، سنا ہے اب نجکاری شپنگ پر جارہی ہے۔