• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

RDA مالی بے ضابطگیاں، پری آڈٹ افسران کونیب تحقیقات میں شامل کرنے کا مطالبہ

راولپنڈی (ساجد چوہدری) راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سٹاف یونین (سی بی اے) نے آر ڈی اے میں مبینہ اربوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے تناظر میں پری آڈٹ افسران اور طویل عرصہ سے مالی امور سے وابستہ افسران کو بھی مالی جانچ پڑتال کے دائرہ کار میں شامل کرنے کا مطالبہ کر دیا ، ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کو سٹاف یونین کی طرف سے دی گئی باضابطہ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 کے سیکشن 31 کے تحت آر ڈی اے کے مالی معاملات میں شفافیت یقینی بنانا اتھارٹی کی قانونی ذمہ داری ہے، جس میں سالانہ آڈٹ کے ساتھ ساتھ پری آڈٹ اور کنکرنٹ آڈٹ بھی شامل ہیں، درخواست میں نشاندہی کی گئی ہے کہ اس وقت آر ڈی اے میں مالی بے ضابطگیوں اور مبینہ خورد برد کے سنگین معاملات قومی احتساب بیورو (نیب) اور چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے قائم کردہ تحقیقاتی کمیٹی کے زیرتفتیش ہیں، جس کی سربراہی چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم سپرا کر رہے ہیں، سٹاف یونین کا کہنا ہے کہ کئی پری آڈٹ افسران اور دیگر اہلکار طویل عرصے سے مالی معاملات، فائلوں کی جانچ اور منظوری کے عمل سے وابستہ رہے ہیں، اس لیے شفاف اور منصفانہ احتساب کے لیے بھی ان کا جائزہ لیا جانا ناگزیر ہے، درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ آر ڈی اے کے مالی ریکارڈ، آڈٹ اعتراضات اور متعلقہ فائلوں کا مکمل جائزہ لے کر ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔

ملک بھر سے سے مزید