• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو دنیا کی ٹاپ 10 معیشتوں میں شامل کرنے کا ہدف ہے: احسن اقبال

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو دنیا کی ٹاپ 10 معیشتوں میں شامل کرنے کا ہدف ہے۔

پاکستان پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے، آج دنیا بھر میں جے ایف17 طیارے فروخت کر رہا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ٹریکٹر سازی، آٹو موبائل اور انجینئرنگ سیکٹر میں پاکستان نے نمایاں ترقی کی ہے مگر دنیا سے موازنہ کریں تو ہماری کامیابیاں ماند پڑ جاتی ہیں، اب اگلی منزل کو دیکھنا ہوگا۔

ان کا کہنا ہے کہ 1980 میں چین کی فی کس آمدنی ہم سے کم تھی، آج وہ ہم سے بہت آگے نکل چکا ہے۔ ویتنام کی ایکسپورٹ 408 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے، ہم اب بھی 40 ارب ڈالر پر کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جامعات اور شاہراہوں کا جال بچھنا بڑی کامیابی ہے مگر عالمی مقابلہ ابھی باقی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک صرف سڑکوں کا نام نہیں، یہ پاکستان کی تقدیر بدلنے کا منصوبہ ہے، ہمیں سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر معاشی پالیسیوں میں تسلسل لانا ہوگا۔

ان کا کہنا ہے کہ نوجوان پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں، انہیں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا ترجیح ہے۔ عالمی منڈی میں جگہ بنانے کے لیے ہمیں اپنی برآمدات پر توجہ دینی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر ہمیں ایک مستحکم اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھنی ہے، تعلیم اور تحقیق کے بغیر کوئی بھی قوم ترقی کی دوڑ میں شامل نہیں ہوسکتی۔

قومی خبریں سے مزید