پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے تعلق رکھنے والی معروف پاکستانی سیاست دان شرمیلا فاروقی نے اپنے ایکٹنگ ڈیبیو سے متعلق حیان کُن انکشاف کیا ہے۔
یوں تو شرمیلا فاروقی تقریباً 15 برسوں سے سیاست سے وابستہ ہیں تاہم حالیہ انکشاف کے ساتھ ہی انہوں نے اداکاری کے شعبے میں مزید کام کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کردیا ہے۔
حال ہی میں شرمیلا فاروقی فریحہ الطاف کے پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنے اداکاری کے آغاز کے حوالے سے بات کی اور یہ بھی بتایا کہ انہوں نے اداکاری کو بطور پیشہ کیوں اختیار نہیں کیا۔
اس بارے میں گفتگو کرتے ہوئے شرمیلا فاروقی نے کہا کہ میں نے اپنا پہلا ڈرامہ اسکول کے زمانے میں کیا تھا۔ اس وقت میری عمر صرف 15 سال تھی اور میں محض اداکاری آزمانا چاہتی تھی۔ اُس وقت میں کافی موٹی اور صحت مند تھی۔ اسکول میں دورانِ تعلیم ہم نصابی سرگرمیوں کے باعث اداکاری میں دلچسپی پیدا ہوئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میں نے اپنے والد سے ڈرامے میں کام کرنے کی اجازت لی، اتفاق سے پی ٹی وی اسٹیشن ہمارے گھر کے قریب تھا۔ میرے والد کی پی ٹی وی کے پروڈیوسر حیدر امام رضوی سے واقفیت بھی تھی، جس کے بعد مجھے مرکزی کردار کی پیشکش ہوئی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں نے صرف ایک ڈرامے میں ہی کام کیا کیونکہ اداکاری کو کبھی اپنا کیریئر بنانے کا ارادہ نہیں تھا۔ میں اس وقت اسکول میں پڑھ رہی تھی اور میرے پاس زیادہ وقت نہیں تھا۔ یہ پاکستان کی پہلی پرائیویٹ پروڈکشن تھی، جسے عبداللّٰہ کادوانی نے پروڈیوس کیا اور اسے حیدر امام رضوی نے تحریر کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اداکاری بہت زیادہ وقت مانگتی ہے، جو میں نہیں دے سکتی تھی، اس لیے ایک ہی ڈرامہ میرے لیے کافی تھا۔ البتہ اب میں کسی سماجی مسئلے پر مختصر ڈرامہ ضرور کرنا چاہوں گی۔