وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ صحت کی سہولتیں ہر شہری کا بنیادی حق ہیں، حکومت عوام کو صحت کی سہولتوں کا حق دہلیز پر فراہم کر رہی ہے۔
انھوں نے ان خیالات کا اظہار صحت کارڈ پروگرام کے تقریب اجرا سے خطاب کے موقع پر کیا۔ انھوں نے کہا کہ صحت کارڈ پروگرام کا آغاز 2016 میں میاں نواز شریف نے کیا تھا، صحت کارڈ پروگرام صوبوں میں پھیلا، لاکھوں خاندان مستفید ہوئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ صحت ہوگی تو انسان باوقار طریقے سے روزگار کما سکے گا، صحت ہوگی تو نوجوان کھیلوں کے میدان میں ملک کا نام روشن کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو سہولت فراہم کی جا رہی ہے، وزیراعظم صحت کارڈ کا اجرا عوامی فلاح کے عزم کا تسلسل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ علاج اور صحت کی سہولت ہر پاکستانی کا بلاتفریق حق ہے، وزیر صحت مصطفیٰ کمال، سیکریٹری صحت اور پوری ٹیم مبارکباد کے مستحق ہیں۔
انھوں نے ہدایت کی کہ تھرڈ پارٹی کے ذریعے پروگرام میں شفافیت یقینی بنائی جائے۔ وزیراعظم نے کہا ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ کمزور طبقے کا سہارا بنے، ریاست عام شہری کے لیے علاج کی ذمہ داری نبھا رہی ہے۔
انھوں نے کہا پنجاب میں صحت کارڈ پروگرام تیزی سے جاری ہے، پنجاب میں صحت پر اربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بھی صحت سے متعلق پروگرام موجود ہیں۔