• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن، ایرانی سفارتخانے پر احتجاج، 4 افراد زخمی، 14 گرفتار

برطانوی میڈیا
برطانوی میڈیا

لندن میں ایرانی سفارت خانے کے باہر ہونے والے احتجاج کے دوران 4 افراد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق احتجاج کے دوران ایک مظاہرہ کرنے والا شخص سفارت خانے کی بالکونیوں کے ذریعے چھت پر چڑھ گیا اور وہاں نصب ایرانی پرچم اتار دیا، جس کے بعد اسے حراست میں لے لیا گیا۔

میٹروپولیٹن پولیس نے بتایا کہ احتجاج کے دوران پولیس اہلکاروں پر اشیاء پھینکی گئیں، جس کے نتیجے میں بعض افسران زخمی ہوئے، تاہم ایمبولینس سروس نے یہ واضح نہیں کیا کہ اسپتال منتقل کیے گئے افراد پولیس اہلکار تھے یا مظاہرین۔

پولیس کے مطابق پرچم اتارنے والے شخص کو مجرمانہ نقصان پہنچانے، سفارتی املاک میں غیر قانونی داخلے اور پولیس پر حملے کے شبہے میں گرفتار کیا گیا ہے، اس کے ساتھ پرتشدد ہنگامہ آرائی کے شبہے میں مزید افراد کو بھی حراست میں لیا گیا جبکہ سفارت خانے کے باہر سیکشن 35 کے تحت منتشر ہونے کا حکم نافذ کر دیا گیا۔

لندن ایمبولینس سروس کے مطابق رات 8 بج کر 45 منٹ پر ایگزیبیشن روڈ اور کینسنگٹن روڈ کے سنگم پر پیش آنے والے واقعے کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد 4 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ 2 افراد کو موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی۔

واضح رہے کہ ایران میں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران ہزاروں مظاہرین کی ہلاکت کے بعد لندن میں ایرانی سفارت خانے کے باہر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

اسی ہفتے ایران میں مظاہرین کے قتل پر لندن میں ایرانی سفیر کو فارن آفس طلب بھی کیا گیا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
برطانیہ و یورپ سے مزید