گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ 70 سے زائد لوگوں کا لاپتہ ہونا المیہ ہے، کوئی نہیں چاہتا آگ لگے، کسی کا کاروبار تباہ ہو۔
گل پلازا پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں آگ لگنے کے عوامل کو جاننا ہے۔ نقصان کے ازالے تک ساتھ کھڑے رہیں گے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ متاثرین کو معاوضہ دلانے کے لیے سندھ اور وفاقی حکومت سے بات کریں گے۔
واضح رہے کہ کراچی گل پلازا کی آگ 33 گھنٹے گزرنے کے بعد مکمل طور پر بجھا دی گئی، جلی ہوئی عمارت سے مزید 4 افراد کی لاشیں نکالی گئیں، آگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہو گئی جبکہ 22 زخمی زیر علاج ہیں۔
چیف فائر افسر کے مطابق پلازا میں کولنگ کا عمل جاری ہے، کٹر کی مدد سے کھڑکیوں کو کاٹا جارہا ہے، ہتھوڑوں کی مدد سے دیوار کو بھی گرایا جارہا ہے۔
پلازا کی تیسری منزل پر پھنسے کسی شخص کی موجودگی کے امکان پر ریسکیو آپریشن میں اتوار کی رات فائر فائٹرز عمارت کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوئے۔