وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گل پلازا کی عمارت دوبارہ تعمیر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کو فوری دکان دے کر ان کا کاروبار شروع کروا سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت گل پلازا میں لگنے والی آگ پر ہونے والے اجلاس میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بریفنگ دی۔
مرتضیٰ وہاب نے اجلاس کو بتایا کہ 16 فائر ٹرینڈرز اور باؤزر نے آگ بجھانے کا کام کیا، واٹر بورڈ آگ بجھانے کے لیے واٹر ٹینکرز مہیا کرتا رہا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اندازاً 50 سے زائد ہلاکتیں ہوسکتی ہیں، آگ بجھا چکے ہیں اور اب کولنگ کا عمل جاری ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گل پلازا میں شہید فائر فائٹر کا والد بھی فائر فائٹر تھا اور وہ بھی شہید ہوئے تھے۔
ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق اجلاس میں تاجروں نے گل پلازا سے متعلق وزیراعلیٰ سندھ کو مختلف تجاویز دیں۔
تاجروں نے تجویز کیا کہ دکانداروں کو فوری بحال کیا جائے تاکہ ان کا روزگار شروع ہو۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ بتایا جارہا ہے کہ گل پلازا میں 1200 دکانیں ہیں، یعنی 1200 متاثرین ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے گل پلازا متاثرین کے لیے کمیٹی قائم کردی، کمیٹی معاوضہ کی رقم اور متاثرین کی بحالی پر سفارشات دے گی۔