سیکیورٹی گارڈ نے بینک لوٹنے کی کوشش کرنے والے ڈاکوؤںکو ناکوں چنے چبوادیے، نارتھ کراچی میں بینک پر تعینات گارڈ نے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی،پولیس نے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر5سی فور میں نجی بینک لوٹنےکےلیے ڈاکو بینک میں داخل ہوئے، اس دوران انہوں نے مرکزی دروازے پر تعینات گارڈ نذر محمد کی آنکھوں میں مرچیں ڈال دیں، بہادر گارڈ نذر محمدنے اس کے باوجود ڈاکوؤں کا بےخوفی سے مقابلہ کیا۔
بینک کے مرکزی دروازے پر لگی سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی دیکھا جاسکتاہے کہ ملزم نے گارڈ کے منہ پر لال مرچیں ملکر اس پر قابو پانے کی کوشش کی تاہم اس دوران بینک کے اندر اور نزدیک سےگزرنےوالےافرادنےبھی ہمت دکھائی اور انہوں نےایک ڈاکوزاہدکو پکڑ لیا۔
واردات ناکام ہونے پر دوڈاکوفرارہونےمیں کامیاب ہوگئے، لیکن گارڈکی بہادری کے باعث بینک لٹنے سے بچ گیا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار ملزم زاہدکی نشاندہی پردوسرے فرار ساتھی عزیز کو خواجہ اجمیر نگری میں چھاپہ مارکر گرفتارکرلیا، ملزمان سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔