• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

35 سال بعد چمن بھر میں شدید برف باری، بلوچستان میں موسم سرد ہوگیا

شمال مشرقی اور مغربی بلوچستان برفباری سے موسم شدید سرد ہوگیا، 35 سال بعد چمن بھر میں شدید برف باری ہوئی۔ 

مختلف اضلاع میں برف باری کے باعث شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے، سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

بلوچستان کے شمالی علاقوں میں شدید برف باری سے نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے، چمن شہر میں 35 سال بعد ہونے والی شدید برف باری سے شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

کوژک ٹاپ، شیلا باغ، خواجہ عمران، کوہِ سلیمان، قلعہ عبداللہ، زیارت، پشین، مسلم باغ، قلعہ سیف اللہ، لورالائی اور دیگر علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے۔ 

قلات میں سال کی پہلی برفباری کے باعث موسم شدید سرد ہوگیا۔ مقامی لوگ سال کی پہلی برف باری سے لطف اندوز ہونے کیلئے مختلف پوائنٹس پر پہنچ گئے۔

برف باری کے باعث شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے، این ایچ اے، پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مشترکہ کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی 

خضدار، لسبیلہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

سکھر، لاڑکانہ، گھوٹکی، خیرپور، نوابشاہ، نوشہرو فیروز اور جیکب آباد سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

سرگودھا، ملتان، ڈی جی خان، میانوالی، لیہ، خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں، خیبر، کوہاٹ، شمالی و جنوبی وزیرستان، کرک، ملاکنڈ میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

قومی خبریں سے مزید