کراچی میں شمال مغرب سے سرد ہوائیں 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، آج رات کم سے کم درجہ حرارت 7 سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے بعد سری میں اضافہ اور شہر کے فضائی معیار میں بھی بہتری آگئی ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسمِ سرما کی دوسری بارش ہوئی جس کے باعث موسم سرد اور خوشگوار ہوگیا جبکہ شہر کی فضائیں بھی صاف ہو گئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نظام شہر کے شمال مغربی علاقوں سے داخل ہوا جس کے زیرِ اثر سرجانی ٹاؤن، گلشنِ معمار، اورنگی ٹاؤن، مشرف کالونی، ملیر، ناظم آباد اور دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی سے معتدل شدت کی بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارش کے بعد کراچی کے فضائی معیار میں نمایاں بہتری دیکھی گئی۔ دیر رات کو کوئٹہ کی سرد ہوائیں شہر کا رخ کر سکتی ہیں جس سے موسم مزید سرد ہو جائے گا۔ کراچی اتوار تک سردی کی لہر کی لپیٹ میں رہ سکتا ہے جبکہ رات کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی کے ساتھ پارہ 7 سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہر میں ہونے والی بارش کے اعداد و شمار بھی جاری کر دیے ہیں۔ سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 26.3 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ نارتھ کراچی میں 20 ملی میٹر جبکہ گلشنِ معمار میں 17.6 ملی میٹر بارش ہوئی۔
بحریہ ٹاؤن فیز 5 میں 14.2 ملی میٹر اور سعدی ٹاؤن میں 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا۔ ناظم آباد میں 6.5 ملی میٹر اور کورنگی میں 4 ملی میٹر بارش ہوئی۔
پی اے ایف مسرور بیس پر 3.0 ملی میٹر جبکہ فیصل بیس پر 2.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ڈی ایچ اے فیز 2 میں 1.0 ملی میٹر، جناح ٹرمینل پر 0.2 ملی میٹر اور یونیورسٹی روڈ کے اطراف 1.2 ملی میٹر بارش ہوئی۔
پرانے ایئرپورٹ اور کیماڑی کے علاقوں میں انتہائی معمولی بارش ریکارڈ کی گئی۔