• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اب مجھے جنازوں میں شرکت کیلئے بلایا ہی نہیں جاتا: وزیرِ اعلیٰ کے پی سہیل آفریدی

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی—فائل فوٹو
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی—فائل فوٹو

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ اب مجھے جنازوں میں شرکت کی اجازت نہیں دی جاتی اور نہ ہی بلایا جاتا ہے۔

سوات کے علاقے مینگورہ میں پی ٹی آئی ریلی سے خطاب میں سہیل آفریدی نے کہا کہ اس بار پوری تیاری کے ساتھ اسلام آباد جائیں گے، ہم فوج کے دشمن ہیں اور نہ ہی اداروں کے مخالف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج صبح وفاق نے نوٹیفکیشن نکالا ہے، تیراہ کے لوگوں کو نکلنے کا نہیں کہا گیا، کیا تیراہ کے لوگ شادی کی تقریب میں جا رہے تھے؟

سہیل آفریدی نے کہا کہ جب ہمیں شکست نہ دے سکے تو ہم پر دہشت گردی کے الزامات لگائے گئے، تیراہ میں لوگوں کونقل مکانی پر مجبور کیا گیا۔

اُن کا کہنا ہے کہ 24 رکنی کمیٹی کو مجبور کیا گیا اور پھر آپریشن پر مجبور ہوئے، نہ ہم فوج کے دشمن ہیں اور نہ ہی اداروں کے۔

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا نے کہا کہ جو لوگ سیاست میں مداخلت کرتے ہیں ہم ان کے خلاف ہیں، اجلاس چھوڑ کر فوجی جوانوں کے جنازےمیں شریک ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اب مجھے جنازوں میں شرکت کی اجازت نہیں دی جاتی اور نہ ہی بلایا جاتا ہے، اگر 2 یا 3 دن میں آپریشن نہ روکا گیا تو ہم نئی حکمتِ عملی بنائیں گے۔

سہیل آفریدی نے یہ بھی کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے، اگر بانیٔ پی ٹی آئی جیل سے باہر آ گئے تو کسی کی خیر نہیں، یہ لوگ اداروں، صوبائی حکومت کے درمیان تصادم چاہتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید