وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت خزانہ خالی چھوڑ کر گئی تھی، دو سال میں ملکی معیشت مستحکم ہو چکی ہے۔
جاری کیے گئے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔
وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال کا مزید کہنا ہے کہ معرکۂ حق میں عظیم کامیابی کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت نے دیوالیہ ہوتے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔
دریں اثنا وفاقی وزیر منصوبہ احسن اقبال نے کہا کہ ن لیگ کی سیاست عوام اور ملکی ترقی کی سیاست ہے، ہم گالم گلوچ کی سیاست نہیں کرتے، سابق حکومت کا کام مخالفین کو چور، ڈاکو کہنا تھا۔
شکر گڑھ کے علاقے فتوال میں کارنرمیٹنگ سےخطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا بانی پی ٹی آئی نے برطانیہ سے آئے ہوئے 60 ارب روپے کا ڈاکا ڈالا، بانی پی ٹی آئی نے بیرونی تحائف کو کم داموں لیا اور بیچ دیا۔
انکا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے عوامی پیسے پر ڈاکا ڈالا اور 14 سال سزا بھگت رہے ہیں، آج ہمارے چین، امریکا، سعودیہ اور ترکیے سے بہترین تعلقات ہیں، ماضی میں نالائق، پاکستان کو سب ملکوں سے لڑا کر چلاگیا۔
احسن اقبال نے کہا آج ہمارے فیلڈ مارشل اور وزیراعظم کی دنیا بھر میں عزت ہے، ہماری عزت مخالفین کو ہضم نہیں ہو رہی، اسرائیل کی جان امریکا کے اندر ہے، اسرائیل نے کسی طاقت یا اقوام متحدہ کی پرواہ نہ کی۔
انھوں نے کہا کہ اسرائیل کا ہاتھ کوئی روک سکتا ہے تو وہ امریکا ہے، غزہ امن معاہدے میں شرکت سے بھارت اور ہماری اپوزیشن کو تکلیف ہے۔