• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مری میں ایک بار پھر گہرے بادل داخل، خون جما دینے والی سردی کا راج

ملکہ کوہسار مری میں ایک دفعہ پھر سے گہرے بادلوں کی انٹری ہو گئی، وادی میں خون جما دینے والی سردی کا بھی راج ہے۔

محکمۂ موسمیات نے آج سے مری میں برفباری کے نئے اسپیل کا امکان بھی ظاہر کر دیا ہے۔ 

ڈی پی او مری ڈاکٹر رضا تنویر کے مطابق آج شام سے کل شام تک مری میں شدید برفباری کا امکان ہے، سیاح اور شہری رات کے وقت مری کا سفر کرنے سے مکمل گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ درجۂ حرارت گرنے سے سڑکوں پر برف شیشے جیسی سخت تہہ بن سکتی ہے، ٹائروں پر ’اسنوچین‘ کے بغیر کسی گاڑی کو مری میں داخلے کی اجازت نہیں ملے گی۔ دھند اور برفباری میں فوگ لائٹس اور ہیزرڈ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔

ڈاکٹر رضا تنویر کا کہنا تھا کہ مری روانگی سے قبل گاڑی کا فیول ٹینک فل رکھیں، مکینیکل فٹنس چیک کرلیں۔ بریک، وائپرز، ہیٹر اور ڈی فوگر کا درست ہونا یقینی بنائیں، مری میں برف والی سڑکوں پر رفتار کم اور اگلی گاڑی سے 50 میٹر دور رہیں۔

ڈی پی او مری نے کہا کہ گاڑی میں ہیٹر چلے تو شیشے کھلے رکھیں، آکسیجن کی کمی جانی نقصان کرسکتی ہے، شاہراہوں یا ڈھلوانوں پر گاڑی پارک نہ کریں تاکہ برف ہٹانے میں رکاوٹ نہ ہو، چیک پوسٹوں پر تعینات پولیس کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

قلات، زیارت، کوژک ٹاپ، شیلا باغ، کان مہتر زئی میں پھر سے برفباری شروع

قلات، زیارت، کوژک ٹاپ، شیلا باغ، کان مہتر زئی میں پھر سے برفباری شروع ہو گئی ہے۔

پنجاب اور خیبر پختونخوا کو ملانے والے این 50 کے بعض مقامات پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی ہے، ہیوی مشینری سے برف ہٹانے کام جاری ہے۔

بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ممکنہ بارش اور برفباری کا الرٹ جاری

این ڈی ایم اے نے کے پی، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں ممکنہ بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کر دیا۔

12 گھنٹوں میں کے پی، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

دیامر، بابو سر ٹاپ، بٹوگاہ ٹاپ پر برفباری، نظام زندگی متاثر

دیامر، بابو سر ٹاپ، بٹوگاہ ٹاپ پر وقفے وقفے سے برفباری سے نظام زندگی متاثر ہو گیا ہے، بالائی وادیوں کی رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ نانگاپربت اور بابوسر ٹاپ پر 10 فٹ سے زیادہ برف پڑ چکی ہے۔

این ایچ اے کے حکام کے مطابق کوئٹہ کی مختلف شاہراہوں پر برفباری کے بعد برف ہٹانے اور نمک کے چھڑکاؤ کا کام جاری ہے، برفباری کے دوران اور بعد مین شاہراہوں پر ٹریفک بحال رکھی جا رہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید