ایچ آر سی پی کی جانب سے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کے پیش نظر پولیس نے کراچی پریس کلب اور اطراف کی سڑکوں کو رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا، جس کے باعث ضلع جنوبی میں گھنٹوں ٹریفک جام رہا۔ دفاتر سے گھر جانے والے ہزاروں شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی گرفتاری کے خلاف کراچی پریس کلب پر احتجاج کی کال دی گئی، جس کے بعد پولیس نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کراچی پریس کلب کے اطراف کنٹینرز اور بسیں کھڑی کر کے راستے بند کر دیے۔
زینب مارکیٹ، آرٹس کونسل چوک اور کراچی پریس کلب کو جانے والے تمام راستوں پر رکاوٹیں لگا دی گئیں، جس کے باعث آئی آئی چندریگر روڈ، گارڈن، رنچھوڑ لائن، برنس روڈ، اردو بازار، ماڑی پور روڈ اور ایم ڈی خان روڈ سمیت متعدد سڑکوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی۔
ٹریفک جام کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، شہریوں نے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا، رکاوٹیں ہٹائے جانے کے بعد ٹریفک بتدریج معمول پر آگئی۔