• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائمہ کمیٹی اجلاس، خواجہ اظہار الحسن اور شہلا رضا میں تلخ جملوں کا تبادلہ

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں ایم کیو ایم کے خواجہ اظہار الحسن اور پیپلز پارٹی کی شہلا رضا کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

اجلاس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتخابات، اسکروٹنی کے معاملات زیر بحث آئے، خواجہ اظہار الحسن نے الزام لگایا کہ خاتون رکن اسمبلی اُس نجی کمپنی کی نمائندگی کر رہی ہیں، جس کے اسٹیک ہولڈر وہ لوگ ہیں، جن پر ہاکی فیڈریشن نے پابندی لگائی ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ اجلاس میں طے ہوا تھا کہ کچھ معاملات پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے ہیں، افسانہ بنایا گیا کہ صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن جعلی ہے۔

ایم کیو ایم رہنما نے یہ بھی کہا کہ بار بار ایک بات نہ دہرائیں، اگر وزیراعظم نے اس کی تعیناتی کی ہے تو قانونی ہے، ضد اور ہٹ دھرمی کی بنیاد پر ایک نجی کمپنی کی وکالت کی جارہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہاکی ایسوسی ایشن نجی کمپنی ایکٹ کے تحت قائم ہوئی، یہ الگ پاکستان ہاکی فیڈریشن بنالیں، یہ زیادتی ہے، یہاں کسی سیاسی جماعت کا اجلاس نہیں ہو رہا ہے۔

شہلا رضا نے کہا کہ طارق بگٹی کو انتخابات کرانے کا اختیار تھا، لیکن انہوں نے خود صدر بننے کو ترجیح دی اور من پسند کلبز رجسٹر کروادیے۔

انہوں نے کہا کہ ہاکی فیڈریشن انتخابات جلد از جلد کرائے جائیں، اسپورٹس بورڈ نے ماضی میں ہاکی فیڈریشن کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

پی پی رہنمانے مزید کہا کہ بِلے کو دودھ کی نگرانی پر رکھا جارہا ہے، منتخب باڈی کے خلاف ایک باڈی بنائی گئی، ناک کے نیچے سب ہو رہا ہے، طارق بگٹی لاڈلے بنے ہوئے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ انتخابات کو ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بھی غیرقانونی قرار دیا، مالی بے ضابطگیاں بھی ہورہی ہیں، بدانتظامی بھی ہے؟

اس پر خواجہ اظہار نے کہا کہ میٹنگ صرف ایک شخص کے لیے نہیں ہو رہی، بات بار بار دہرائی جائے تو وہ لطیفہ لگتی ہے، بولنے کا موقع دیں۔

شہلا رضا نے کہا کہ لطیفے کو سب کچھ لطیفہ ہی لگتا ہے، ہم قانون کے مطابق چلیں گے، چاہے جتنا مرضی کھرچنا اور کریدنا پڑے، ہمیں کوئی نہ بتائے کہ ہمیں کچھ معلوم نہیں، ہمیں پتہ ہے کیا قانونی ہے اور کیا غیرقانونی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اٹارنی جنرل کی بات کو کوئی رد نہیں کرسکتا، اٹارنی جنرل نے قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے ہاکی فیڈریشن کے انتخابات کو نل اینڈ وائیڈ قرار دیا۔

قومی خبریں سے مزید