وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ گل پلازا سانحے میں سندھ حکومت کو مدد چاہیے تو تعاون کے لیے تیار ہیں۔
بلڈنگ سیفٹی اجلاس سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ سانحہ گل پلازا پر متاثرین، اہل کراچی اور سندھ حکومت کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گل پلازا کے متاثرین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، سندھ حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ لاہور میں ہوٹل میں لگی حالیہ آگ پر بروقت قابو پالیا گیا کہ سسٹم آپریشنل تھا، ریسکیو کی بروقت کارروائی قابلِ تعریف ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 کا پورے پنجاب میں یہی رسپانس ہونا چاہیے، فائر فائٹنگ کے تمام آلات فعال اور اپ گریڈ ہونے چاہئیں۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ عمارتوں کے تحفظ کے لیے ایس او پیز جاری کیے گئے ہیں، زیر تعمیر عمارتوں میں سیفٹی اقدامات یقینی بنائے جارہے ہیں، اب ہر کوئی فائر ہائیڈرنٹ لگائے گا، یقینی بنائیں اس کی قیمت 3 ماہ نہ بڑھے۔
انہوں نے کہا کہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز موک ایکسرسائز کا انعقاد باقاعدگی سے یقینی بنائیں، ہنگامی حالات سے نمٹنے کےلیے فرضی مشقیں بھی کی گئی ہیں۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب اور وزراء نے آفیشل ورکشاپ ’ایمپاورنگ پنجاب ود اے آئی‘ میں شرکت کی۔
انہوں نے صوبے بھر کے اسکولوں میں آرٹیفشل انٹیلی جنس (اے آئی) کا استعمال لازمی قرار دیا ہےاور ساتھ ہی پنجاب میں گوگل ٹیک ویلی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن ایڈوائزری بورڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔